اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عید الضحیٰ کے متبرک موقعہ پر فرزندان توحید بالخصوص ملت اسلامیہ جموں و کشمیر کی خدمت میں پُر خلوص ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتے ہوئے دنیائے اسلام کی امن و سلامتی کیلئے بارگاہ خداوندی میں دعا گو ہوں ۔ عید قربان سیدنا حضرت ابراہیمؑ کے جذبہ عشق و ایثار اور سیدنا حضرت اسماعیلؑ کے جذبہ صبر و رضا کی یاد تازہ کرتے ہوئے مسلمین عالم کی توجہ اس واضح حقیقت کی طرف مبذول کراتی ہے کہ اعلیٰ وارفع مقاصد کیلئے پُر خلوص قربانیوں کی آمادگی شرط اول ہے۔ یہ حضرت خلیل ؑ کے جذبہ قربانی کے حددرجہ خلوص اور عشق کا نتیجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپؑ کی قربانی کے ہر عمل کو مسلمانوں کیلئے حج اکبر قرار دے کر اس قربانی کی یاد کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے زندہ رکھا۔ قوم کشمیر بھی ایک اعلیٰ مقصد کیلئے سات دہائیوں سے قربانیوں کی ایک تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ یہ قربانیاں ہرگز رائیگان نہیں ہوں گی۔ شرط یہ ہے کہ قوم انقربانیوں کی قدر وقیمت کا احساس کرتے ہوئے ہر سطح پروفا شعاری کا مظاہرہ کریں۔ عید کے اس متبرک موقعہ پر یہ تجدید عہد کریں کہ ہم اپنے لاکھوں شہدا کی قربانیوں کی حفاظت کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے ہمہ وقت آمادگی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔اگر چہ مفلوک الحال افراد کی خبر گیری ہر مسلمان کا دینی اور انسانی فریضہ ہے، تاہم عید کے موقعہ پر اس فریضے کی ادائیگی کے اجر و ثواب میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔اللہ تعالیٰ ہمیں اسلام اور ملت اسلامیہ کی عزت و سربلندی کیلئے ہر وقت قربانیوں کی آمادگی کی سعادت سے سرفراز فرمائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲